اسلام آباد، 20/جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا): ری پبلکن جماعت کے رہنما اور امریکی سینیٹ کے سینئر رکن جان مکین کے دماغ کے سرطان میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔امریکی ریاست ایریزونا سے منتخب سینیٹرمکین کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص گزشتہ ہفتے ایک سرجری کے بعد ہوئی ہے جس میں ڈاکٹروں نے 80سالہ سینیٹر کے بائیں آنکھ کے پیچھے جمع ہونے والا پانچ سینٹی میٹر کا خون کا ایک لوتھڑا نکالا تھا۔ایریزونا کے دارالحکومت فینکس کے مایو کلینک اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق لوتھڑے کے لیبارٹری میں تجزیے سے پتہ چلا ہے کہ سینیٹر مکین گلیو بلاسٹوما نامی برین ٹیومر کا شکار ہیں۔سینیٹر مکین کے دفتر کی جانب سے بدھ کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر کے ڈاکٹروں کے مطابق وہ اپنی سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور ان کی صحت بہت بہتر ہے۔بیان کے مطابق مایو کلینک کے ڈاکٹروں کی ٹیم باہم مشاورت کے بعد ہی یہ بتا سکے گی کہ سینیٹر مکین کب تک اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالنے کے قابل ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق،سینیٹر مکین کے اہلِ خانہ ان کے مزید علاج سے متعلق مشاورت کر رہے ہیں۔ کینسر کا علاج عموما کیمو تھراپی اور ریڈی ایشن پر مشتمل ہوتا ہے جو ایک طویل اور تکلیف دہ عمل ہوتا ہے۔سینیٹر مکین سابق فوجی ہیں اور امریکہ کی طرف سے ویتنام کی جنگ میں بھی شریک رہ چکے ہیں۔وہ گزشتہ 30سالوں سے امریکی سینیٹ کے رکن ہیں اور ان کا شمار ری پبلکن جماعت کے چوٹی کے رہنماوں میں ہوتا ہے۔مکین پہلی بار 1986 میں امریکی سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے جب کہ وہ 2008 کے صدارتی انتخابات ری پبلکن جماعت کے امیدوار بھی تھے لیکن وہ یہ انتخاب امریکہ کی تاریخ کے پہلے سیاہ فام صدر براک اوباما سے ہار گئے تھے۔وہ اس سے قبل بھی جلد کے سرطان کی سب سے خطرناک قسم میلانوما سمیت مختلف عارضوں کا شکار رہ چکے ہیں جن کی بڑی وجہ 1967 سے 1973 کے دوران ویتنام میں جنگی قیدیوں کے کیمپ میں ان کا حراست میں رہنا بتایا جاتا ہے جہاں انہیں سخت مشکل حالات سے گزرنا پڑا تھا۔گلیو بلاسٹوماسرطان کی ایک خطرناک قسم ہے جس کے نتیجے میں دماغ اور ریڑھ کی ہڈی میں ٹیومر بن جاتے ہیں۔امریکی سینیٹ کے ایک اور دیرینہ رکن اور سابق صدر جان ایف کینیڈی کے بھائی سینیٹر ٹیڈ کینیڈی کا بھی سرطان کی اسی قسم کی وجہ سے 2009 میں انتقال ہوا تھا۔امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سینیٹر جان مکین کے سرطان میں مبتلا ہونے کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔